Search Box

Sunday, April 12, 2026

شعبہ پشتو جامعہ عبد الولی خان مردان میں لائبریری کا افتتاح


پروفیسر ڈاکٹر نصر اللہ جان وزیر نے شعبہ پشتو عبدالولی خان یونیورسٹی کے لئے کتابوں کا عطیہ

پشتو اکیڈمی پشاور یونیورسٹی کے سابق ڈائریکٹر معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نصر اللہ جان وزیر نے اپنی ذاتی لائبریری سے قیمتی کتب کا ذخیرہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے شعبہ پشتو کو عطیہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں شعبہ پشتو میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر نصر اللہ جان وزیر تھے، جبکہ میزبانی کے فرائض ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر نے سرانجام دیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے شعبہ پشتو کی لائبریری کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔

اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ پشتو زبان و ادب کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا سہارا لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر نصر اللہ جان وزیر کے اس علمی تحفے کو سراہتے ہوئے اسے طلبہ کے لیے ایک عظیم اثاثہ قرار دیا۔

مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نصر اللہ جان وزیر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پشتو زبان کی حقیقی ترقی کے لیے نئی اور معیاری تحقیق پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتب محققین اور طلبہ کے علمی پیاس بجھانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

شعبہ پشتو کے سربراہ ڈاکٹر سید ظفر اللہ بخشالے نے شرکاء کو بتایا کہ یہ تقریب شعبہ پشتو کے قیام کی 10 سالہ جشن کے سلسلے میں منعقدہ پروگراموں کا حصہ ہے۔ ڈین فیکلٹی آف آرٹس ڈاکٹر محمد طاہر نے تمام مہمانوں کی آمد اور شعبے کی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پختونخواہ کالج آف آرٹس کے پرنسپل پروفیسر فضل ستار درانی، ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر محمد سہیل خان، پروفیسر ڈاکٹر عاقب، ڈاکٹر شکریہ قادر، میڈم نگینہ، پیر حامد خویشکی، اسفندیار افندی ، میڈم ندا، ڈپٹی پرووسٹ کاظم خان، میڈیا انچارج عابد محمود اور بی ایس و ایم فل کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔