انجینئر ڈاکٹر الیاس صالح نے پی ایچ ڈی مقالے کا کامیاب دفاع کر لیا
شعبہ علومِ اسلامیہ، عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے ہونہار اسکالر انجینئر ڈاکٹر الیاس صالح نے آج اپنے پی ایچ ڈی مقالے کا کامیابی سے دفاع (Open Public Defence) کر لیا۔
اوپن پبلک ڈیفنس کا اجلاس شعبہ علومِ اسلامیہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر کریم داد کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اس موقع پر مقامی بیرونی ممتحنین کے طور پر ڈاکٹر محمد جاوید (یونیورسٹی آف سوات) اور ڈاکٹر سعید الحق جدون (ہزارہ یونیورسٹی، مانسہرہ) نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ شعبے کے اساتذۂ کرام، محققین اور طلبہ کی کثیر تعداد بھی اجلاس میں موجود تھی۔
سکالر کے تحقیقی مقالے کا عنوان تھا:
منتخب عربی تفاسیر(1301ھ تا 1445ھ) کا تعارف،منا ہج اور امتیازی خصوصیات:ایک تحقیقی مطالعہ
(The introduction, Methodologies and Distinctive Features of Selected Arabic Exegesis (1301AH–1445AH): A Research Study)
یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق مقالہ بیرونی ممتحنین کے طور پر ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات کے دو ممتاز پروفیسرز کو بھیجا گیا، جنہوں نے تحقیقی معیار کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مثبت رپورٹس ارسال کیں اور سکالر کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی سفارش کی۔
بحمد اللہ، آج کامیاب دفاع کے بعد انجینئر ڈاکٹر الیاس صالح نے ڈاکٹریٹ (PhD) کی ڈگری حاصل کر لی۔
واضح رہے کہ انجینئر ڈاکٹر الیاس صالح، ڈاکٹر حافظ صالح الدین، پروفیسر آف اسلامک اسٹڈیز، عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کے بڑے صاحبزادے، مردان کی معروف علمی و روحانی شخصیت پیرِ طریقت, شیخ القرآن مولانا محمد کامل بابا جی رحمہ اللہ کے پوتے، اور مولانا ڈاکٹر حافظ نظام الدین کے بھتیجے ہیں۔
اس موقع پر انجینئر ڈاکٹر الیاس صالح نے اپنی اس کامیابی کو اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم، اپنے والدین، اساتذۂ کرام، بزرگوں کی تربیت، دعاؤں اور اہلِ خانہ کی مسلسل حوصلہ افزائی کا ثمر قرار دیا۔
پی ایچ ڈی اوپن پبلک ڈیفنس کی کامیابی پر دلی مبارکباد